قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات کی تیاری کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے برطانیہ میں موبائل رجسٹریشن ڈرائیو شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مہم کا باضابطہ آغاز بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے 24 جنوری 2026ء بروز ہفتہ سے ہوگا۔نادرا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کو شناختی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ موبائل رجسٹریشن ٹیم برٹن آن ٹرینٹ، برمنگھم، بریڈ فورڈ اور ڈونکاسٹر میں مختلف مقامات پر موجود ہوگی اس دوران شہری اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ، نیکوپ (NICOP)، اسمارٹ نیکوپ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) کی نئی رجسٹریشن، تجدید، ترمیم اور دوبارہ اجرا کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پرانے شناختی کارڈ یا ب فارم ہمراہ لائیں تاکہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔نادرا کا کہنا ہے کہ خواتین کی سہولت کے لیے علیحدہ کاؤنٹر اور خواتین عملہ تعینات ہوگا۔ اس کے علاوہ شہریوں کو پاک آئی ڈی ایپ کے استعمال کی بھی ترغیب دی گئی ہے جس کے ذریعے آن لائن اندراج میں مزید آسانی حاصل کی جا سکتی ہے۔ نادرا کے مطابق اس دوران مختلف سرکاری خدمات سے متعلق درخواستیں جمع کروانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔