نادرا نے کراچی ویسٹ سمیت سندھ کے مزید اضلاع میں یونین کونسل آن لائن اندراج کی سہولت متعارف کرا دی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی کے ایک اور ضلع کراچی ویسٹ میں یونین کونسل کے ریکارڈ کا آن لائن اندراج متعارف کرا دیا ہے۔ نادرا کے مطابق شہری اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کا اندراج گھر بیٹھے کروا سکتے ہیں۔نادرا کا کہنا ہے کہ یہ سہولت اب سندھ کے 10 اضلاع میں دستیاب ہے جن میں کراچی شرقی، کراچی وسطی، کراچی ویسٹ، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار شامل ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع اور بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں بھی یونین کونسل کے اندراج کی آن لائن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری مطلوبہ دستاویزات مکمل کر کے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواست جمع کروائیں اور گھر بیٹھے اپنا متعلقہ سرٹیفکیٹ حاصل کریں نادرا کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اس سہولت کی فراہمی پر کام جاری ہے اور جلد یہ سروس پاکستان بھر میں دستیاب ہوگی۔