حسن ابدال میں گھریلو تنازع پر داماد کی فائرنگ دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ملزم کی خودکشی

پنجاب کے شہر حسن ابدال کے علاقے پنڈ مہری میں گھریلو تنازع نے خوفناک رخ اختیار کر لیا، جہاں داماد نے فائرنگ کر کے اپنے سسر، ساس اور دو کمسن بچوں کو قتل کر دیا، بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم ناصر نے فائرنگ کے ذریعے اپنے سسر نثار، ساس نسیم اختر، دو سالہ بیٹی کائنات اور پانچ سالہ بیٹے فلک کو قتل کیا۔ واقعے کے بعد تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی اہلیہ واقعے سے قبل ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر مقیم تھی، تاہم فائرنگ کے وقت وہ گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی، جس کے باعث وہ محفوظ رہی۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔