کوئٹہ چمن اور شمالی بلوچستان میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت چمن اور شمالی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ چمن شہر اور گرد و نواح میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔کوژک ٹاپ، خواجہ عمران، توبہ اچکزئی، قلعہ عبداللہ، گلستان، جنگل پیر علیزئی، شیلا باغ اور میزئی اڈا میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چمن میں درجہ حرارت منفی 1 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ اور خواجہ عمران میں منفی 3 جبکہ توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔وبہ اچکزئی میں ڈیڑھ فٹ، کوژک ٹاپ میں ایک فٹ جبکہ چمن میں 10 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ قلعہ سیف اللہ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ کان مہترزئی اور مسلم باغ میں وقفے وقفے سے برفباری ہوئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق قلعہ سیف اللہ میں برفباری اور بارش کا سلسلہ شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر مستونگ میں بھی موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہر نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ خاران اور پنجگور میں بارش کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔