وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے تنخواہوں میں اضافے اور توانائی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق خوشخبری سنا دی ہے۔ ہارون اختر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنی تاریخ کی پہلی مائیکرو اکنامک نمائش منعقد کرنے جا رہا ہے، جو لاہور ایکسپو سینٹر میں 24 سے 26 جنوری تک جاری رہے گی۔ یہ نمائش پاکستان کی سب سے بڑی مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (MSME) ایکسپو ہوگی۔ہارون اختر کا کہنا تھا کہ حکومت پیداواری شعبے کی ترقی اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے لیے سخت فیصلے کرنا پڑے، لیکن آج ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔معاون خصوصی کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق انڈسٹریل پالیسی تیار کر لی گئی ہے، جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ہارون اختر نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی اور عوام کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، جس سے شہریوں کی قوتِ خرید میں نمایاں بہتری آئے گی۔