بھارت نے بنگلہ دیش کو نان فیملی ملک قرار دے دیا سفارتکاروں کے اہل خانہ واپس طلب

بھارت نے بنگلہ دیش کو سفارتی تعیناتیوں کے لیے ’’نان فیملی‘‘ ملک قرار دے دیا ہے، جس کے بعد وہاں تعینات بھارتی سفارتکاروں اور سفارتی عملے کے اہل خانہ کو واپس بھارت بلا لیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری سے ہو چکا ہے۔ بنگلہ دیش میں تعینات بھارتی حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ ان کے اہل خانہ آٹھ جنوری تک بھارت واپس روانہ ہو جائیں۔رپورٹ کے مطابق جن سفارتکاروں اور عملے کے بچوں کی تعلیم بنگلہ دیشی اسکولوں میں جاری تھی، انہیں وطن واپسی کے لیے اضافی سات دن کی مہلت دی گئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت صرف پاکستان، افغانستان، عراق اور جنوبی سوڈان کو سفارتی تعیناتیوں کے لیے ’’نان فیملی‘‘ ممالک قرار دے چکا تھا، تاہم حالیہ فیصلے کے بعد بنگلہ دیش بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔