کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ امدادی رضاکاروں اور ریسکیو اہلکاروں نے پہلی، دوسری اور تیسری منزل میں داخل ہو کر لاپتہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں کے مطابق فرنٹ سائیڈ پر فائر ٹیم ٹارچز کی مدد سے سرچنگ کر رہی ہے، تاہم بعض مقامات پر دھویں کی موجودگی کے باعث کارروائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عمارت میں ملبہ بہت زیادہ ہے اور مکمل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں ایک ہفتے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کی مسجد سے کوئی شخص نہیں ملا، جبکہ پہلے مرحلے میں فرنٹ سائیڈ پر واقع دکانوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔محمد ہمایوں کے مطابق عمارت خستہ حال ہے جس کے باعث فائر اور ریسکیو ٹیمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائی کر رہی ہیں۔ مزید برآں عمارت کے اندر سے کیش اور قیمتی سامان بھی نکالا گیا ہے جسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔