پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی سکھر سیشن کورٹ میں تحفظ کی درخواست

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 ایل کے رہائشی 22 سالہ محمد یامین خان اور 30 سالہ ماہجین نے دو روز قبل جسٹس آفپیس سکھر کی اجازت سے پسند کی شادی کی ہے۔ شادی کے بعد جوڑے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سکھر کی سیشن کورٹ میں تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔درخواست وکیل کلیم اللہ کوسو اور صدام بلیڈی کے توسط سے جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں خاتون ماہجین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی پہلے کامران نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، جس سے اس کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ ماہجین کے مطابق اس کے سابق شوہر نے 26 ستمبر 2025 کو اسے طلاق دے دی تھی۔درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ پسند کی شادی کرنے پر سابق شوہر کامران اور اس کے والد عبدالرشید کی جانب سے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے باعث جوڑا شدید خوف کا شکار ہے اور دربدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔تحفظ کی درخواست میں ایس ایس پی سکھر، ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن کراچی، ایس ایچ او نئون پنڈ سکھر، ایس ایچ او سائٹ کراچی سمیت دیگر متعلقہ افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جوڑے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔