پریالوء 24 گھنٹوں میں چوری کی متعدد وارداتیں پولیس کی خاموشی شہری سراپا احتجاج

پریالوء تھانے کی حدود میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چوری کی متعدد وارداتیں پیش آچکی ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث شہریوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔پریالوء شہر میں مڑھی والے مندر امرلال دربار کے قریب رات گئے نامعلوم چوروں نے ایک دکان کے تالے توڑ کر نقد رقم سمیت لاکھوں روپے کا سامان چوری کر لیا، حیران کن طور پر واقعے کے وقت دو پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔واقعے کے خلاف متاثرہ دکانداروں اور شہریوں غلام حسین چنو، عبدالرزاق چنو سمیت دیگر افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریالوء پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے پولیس کی نااہلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ایسی واردات قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر تین دن کے اندر چوری شدہ سامان واپس نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی چوریوں کی روک تھام کے لیے گشت بڑھایا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، بصورت دیگر امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔