سانحہ گل پلازہ بروقت کارروائی ہوتی تو آگ پھیلنے سے روکی جا سکتی تھی صدر گل پلازہ تنویر قاسم

ایم اے جناح روڈ پر واقع مصروف تجارتی مرکز گل پلازہ کے صدر تنویر قاسم نے کہا ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر کارروائی کی جاتی تو آگ کو پھیلنے سے روکا جا سکتا تھا۔ انہوں نے آتشزدگی کے بعد ہونے والی امدادی سرگرمیوں پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے تنویر قاسم نے بتایا کہ ہفتے کی شب تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر عمارت میں آگ لگی۔ آگ کا علم ہوتے ہی انتظامیہ اور کانداروں نے خود آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی اور فوری طور پر فائر اسٹیشن کو اطلاع دی گئی، تاہم پہلا فائر ٹینڈر 50 منٹ کی تاخیر سے موقع پر پہنچا۔صدر گل پلازہ کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچنے کے باوجود صورتحال مزید خراب ہوتی چلی گئی کیونکہ صرف 20 منٹ بعد ہی فائر ٹینڈر میں موجود پانی ختم ہو گیا، جس سے آگ پر قابو پانا ممکن نہ رہا۔تنویر قاسم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے موقع پر پہنچنے پر انہیں مکمل صورتحال سے آگاہ کیا گیا، جبکہ میئر کراچی اگلے دن آئے تو انہیں بھی بتایا گیا کہ رات بھر کوئی اعلیٰ ذمہ دار موقع پر موجود نہیں تھا اور اس دوران حالات کس قدر خراب ہو چکے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کو گراؤنڈ فلور سے دوسرے فلور تک پھیلنے میں تقریباً 50 منٹ لگے، اگر اس دوران بروقت کارروائی کی جاتی تو بڑے سانحے کو ٹالا جا سکتا تھا۔