راجا ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر چیئرمین سینیٹ کا نوٹیفکیشن جاری

بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے نامزد کردہ راجا ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد اب سینیٹ میں بھی بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ علامہ راجا ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ان کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ روایت کے مطابق ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا اعلان کریں گے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نشست سنبھال لی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری سمیت دیگر اراکین نے راجا ناصر عباس سے مصافحہ کیا اور انہیں اپوزیشن لیڈر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دوسری جانب ن لیگ کے سینیٹر ناصر بٹ نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا پی ٹی آئی میں کوئی اور ایسا شخص موجود نہیں تھا جسے اپوزیشن لیڈر بنایا جاتا۔