گل پلازہ آتشزدگی پر وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس تحقیقات کا حکم فائر سیفٹی آڈٹ کا اعلان

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہونے والی تباہ کن آتشزدگی کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت دیتے ہوئے آگ کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آتشزدگی کی وجوہات معلوم کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کی جائے اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت دی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ تیزی سے پھیل کر تیسری منزل تک پہنچ گئی تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوئے۔