خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا جسے پولیس نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں دو خارجی مارے گئے۔ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد کے مطابق رات گئے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس اہلکاروں نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ کارروائی کے دوران دو خارجی جہنم واصل ہوئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی کی جانب سے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں تین مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے جن کی شناخت نعمت اللہ، عبدالروف افغانی اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی۔ ہلاک دہشت گرد پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔