کراچی کے علاقے صدر میں غیرقانونی پرندہ مارکیٹ کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے نایاب پرندے ضبط کر لیے۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ہمراہ صدر میں آپریشن کیا۔اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوا آپریشن کے دوران سیکڑوں پنجرے اور نایاب پرندے قبضے میں لیے گئے، جنہیں بعد ازاں چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط کیے گئے پرندوں کی دیکھ بھال اب چڑیا گھر کی انتظامیہ کرے گی۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قبضے میں لیے گئے تمام نایاب پرندوں کو مکمل طبی سہولیات اور مناسب نگہداشت فراہم کی جائے گی۔ اے سی حاظم بھنگوار نے واضح کیا کہ متعدد بار انتباہ کے باوجود پرندوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث مافیا باز نہیں آ رہی، اس لیے یہ آپریشن کسی دباؤ میں آ کر نہیں روکا جائے گا۔