بھارت کے ایران میں موجود سفارت خانے نے ایران میں جاری احتجاج کے پرتشدد رخ اختیار کرنے کے پیش نظر وہاں مقیم بھارتی شہریوں کو انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دستیاب سفری ذرائع استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر ایران چھوڑ دیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی اگلے نوٹس تک ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ایرانی حالات میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر بھارت نے اپنے شہریوں اور بھارتی نژاد افراد کو خاص احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہےایران میں بھارتی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ شہری احتجاج اور مظاہروں والے علاقوں سے دور رہیں اور سفارت خانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی شہریوں کو اپنے پاسپورٹ، شناختی کارڈز اور امیگریشن سے متعلق تمام ضروری دستاویزات ہمہ وقت تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سفارت خانے نے یہ بھی کہا ہے کہ جو بھارتی شہری ابھی تک رجسٹریشن مکمل نہیں کروا سکے، وہ فوری طور پر سفارت خانے میں اپنا اندراج کروائیں۔دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری احتجاج کے دوران اب تک 2500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان حالات کے تناظر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو مظاہرین پر تشدد سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔