کراچی کے قریب زیارت حسن شاہ جزیرہ ایکو ٹورازم حب بنانے کا اعلان اربوں کی سرمایہ کاری متوقع

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کے قریب واقع زیارت حسن شاہ جزیرے کو جدید ایکو ٹورازم حب میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ماحول دوست، اسپورٹس اور لائف اسٹائل ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق زیارت حسن شاہ جزیرے کو جدید سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر ایک سے ڈیڑھ ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کے تحت اربوں روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ جزیرے کو کراچی کے ایسٹرن زون سے زمینی راستے کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے سیاحوں کو آسان رسائی حاصل ہوگی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ منصوبے میں ساحلی ماحول کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی ذمہ داری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ساحلی پٹی کو معاشی انجن بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور زیارت حسن شاہ جزیرہ بلیو اکانومی کی ایک نئی مثال بن کر ابھرے گا۔