کراچی سے شکار کے لیے جانے والے 8 افراد کی کشتی ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندر کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ڈوب کر جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہو گیا، تاہم چھ افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ حادثے کے وقت کشتی میں سوار تمام افراد آبی پرندوں کا شکار کر رہے تھے کہ اچانک کشتی الٹ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ماہی گیروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھ افراد کو سمندر سے نکال لیا جبکہ ایک شخص کی لاش بھی برآمد کر لی گئی جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔ لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی کراچی سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کی کشتی بلوچستان کے علاقے گوادر کے قریب سمندر میں ڈوب گئی تھی، جس میں پانچ ماہی گیر جاں بحق جبکہ ایک کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔