تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کو ٹیرف، قیمتوں اور چارجز کے تعین کے اختیارات مل گئے ہیں۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کے ترمیمی بل پر دستخط کر دیے، جس کے بعد یہ قانون نافذ العمل ہو گیا ہے۔بل کی منظوری کے بعد کوئلے کی قیمت، نرخ اور مختلف چارجز کے کنٹرول کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا، جبکہ بورڈ اپنے فیصلوں پر نظرِ ثانی کرنے کا بھی مجاز ہوگا۔ اس کے علاوہ بورڈ کو فیس عائد کرنے اور فیصلوں کا جائزہ لینے کے لیے قانونی اختیار بھی حاصل ہو گیا ہے۔ اس ترمیم کا مقصد تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کے ریگولیٹری اختیارات کو مضبوط بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔ اس قانون سے تھر کے کوئلے اور توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی۔ترمیم کے نتیجے میں بورڈ کے ریگولیٹری کردار میں مزید مضبوطی آئے گی اور اس کے قانونی و ضابطہ جاتی اختیارات کو قومی معیار کے استوار کیا جا سکے گا۔