یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے ایران میں جاری عوامی مظاہروں کو محض احتجاج نہیں بلکہ ایک بڑی عوامی بغاوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روس کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہیں کہ عالمی حالات بدل رہے ہیں۔ زیلینسکی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں کو چاہیے کہ وہ ایرانی عوام کی حمایت کریں تاکہ موجودہ حکمرانوں کو اقتدار سے ہٹایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں ہونے والے مظاہرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں دوسری جانب چین نے ایران پر امریکا کے ممکنہ حملے سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور عالمی قوانین کے تحت ملکی خودمختاری اور عالمی سلامتی کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی حکومت اور عوام موجودہ مشکل حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم مضبوط، باخبر اور متحد ہے۔