راولپنڈی کے علاقے صدر بیرونی میں پولیس اور خطرناک ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چار ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کچھ دیر قبل ایک شہری سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھین کر فرار ہونے والے بین الاضلاعی ڈکیت اور اجرتی قاتل گینگ کا تعاقب کیا جا رہا تھا کار سنیچنگ کی اطلاع ملتے ہی صدر بیرونی پولیس نے مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد شدید مقابلہ ہوا۔پولیس فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت یونس، حمید، عاصم خان اور حیدر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کار سنیچنگ، ڈکیتی اور قتل جیسے سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھے۔ چند روز قبل اسی گینگ نے صدر بیرونی کے علاقے میں فیملی کے ہمراہ سفر کرنے والے ایک تاجر کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، جس کی ویڈیو فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔پولیس نے مقابلے کے دوران شہری سے چھینی گئی گاڑی، اسلحہ، گولیاں، 50 ہزار روپے نقدی، شناختی کارڈ اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو گینگ کے زیر استعمال ایک گاڑی اسلام آباد سے بھی گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہےاس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔