پاک فضائیہ نے فضا سے داغے جانے والے جدید کروز میزائل ’’تیمور ویپن سسٹم‘‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو 600 کلو میٹر تک زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) یہ جدید کروز میزائل دشمن کے اہم زمینی اور بحری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ میزائل میں جدید نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹم نصب ہے، جو کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے دشمن کے دفاعی نظام کو دھوکا دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تیمور ویپن سسٹم جدید دفاعی میزائل سسٹمز سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت کا عملی ثبوت ہے۔ٹیسٹ فائرنگ کے موقع پر پاک افواج کے سینئر افسران، ممتاز سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی ٹیم کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قومی خودکفالت اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے عزم کی واضح عکاسی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر پاک فضائیہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور ایئر چیف آف اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس جدید میزائل سسٹم سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے اس تاریخی تجربے کو قومی دفاع کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری پاکستان کی تکنیکی صلاحیت اور قومی عزم کا واضح ثبوت ہے، جو خطے میں استحکام کو بھی فروغ دے گا۔