ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے عہدہ سنبھالتے ہی اپنا پہلا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے تاجروں کو درپیش مسائل اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے پانچ رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔ کاٹی کے تاجروں نے حال ہی میں وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا، جبکہ گزشتہ روز آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے بھی ملاقات کر کے صنعتی زون میں امن و امان سے متعلق مسائل اجاگر کیے تھے۔ انہی ملاقاتوں اور شکایات کے تناظر میں ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ فرخ علی کی سربراہی میں قائم کی گئی ٹاسک فورس میں ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری، ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران، ایس ایس پی ملیر عبدالخالق اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ بطور اراکین شامل ہیں۔یہ ٹاسک فورس کورنگی ٹریڈ اینڈ انڈسٹری زون میں امن و امان کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے گی اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر رابطہ کاری اور نگرانی کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ چیئرمین ٹاسک فورس ضرورت پڑنے پر کراچی رینج یا سندھ پولیس کے کسی بھی افسر کو معاونت کے لیے شامل کر سکتے ہیں تاہم سندھ پولیس کے افسر کی شمولیت کے لیے آئی جی سندھ کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔صنعتی حلقوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے کورنگی صنعتی زون میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور تاجروں کے تحفظات کا مؤثر اور بروقت ازالہ ممکن ہو سکے گا۔