کراچی میں سڑکوں اور فٹ پاتھ کی کھدائی پر دو ماہ کی پابندی دفعہ 144 نافذ

کراچی میں غیر قانونی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کھدائی روکنے کے لیے دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق تمام یوٹیلیٹی سروس اداروں، افراد اور ترقیاتی منصوبوں پر ہوگا کراچی کمشنر حسن نقوی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یہ پابندی 2 مارچ تک نافذ العمل رہے گی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق تمام یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں، نجی افراد اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر ہوگا، تاہم وہ کھدائی کے کام جو سندھ حکومت کی باضابطہ اجازت کے ساتھ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مقرر کردہ رہنما اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے، اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ مقامی حکومت کے بعض ضروری کام بھی استثنا میں شامل ہوں گے۔کراچی میں پابندی کے مؤثر نفاذ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مجرمانہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی انتظامیہ نے نئے سال کے موقع پر ممکنہ ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے دو روز کے لیے بھی دفعہ 144 نافذ کی تھی، جس کے تحت فضائی فائرنگ، آتش بازی اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق آتش بازی صرف حکام کی جانب سے منظور شدہ مخصوص مقامات پر ہی کی جا سکے گی، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں صحافیوں اور ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مرکزی سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں بڑی تعداد میں لوگ جشن منانے کے لیے جمع ہوں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی سفارش پر عوامی تحفظ کے پیشِ نظر ان پابندیوں کی منظوری دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 پاکستان پینل کوڈ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔