پاکستان نے بنگلادیش کی بیمان ایئرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی

پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان بنگلادیش ایئرلائن کو ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومتِ پاکستان کی منظوری کے فوری بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے براہ راست پروازوں کی اجازت جاری کی۔ ابتدائی طور پر بیمان بنگلادیش ایئرلائن کو تین ماہ کے لیے، یعنی 30 مارچ 2026 تک پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہےذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلادیش ایئرلائن کو منظور شدہ روٹس کے تحت پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ پاکستان ایئر اسپیس میں داخلے کے دوران طے شدہ فضائی روٹس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔سی اے اے کے مطابق بیمان ایئرلائن کو کراچی ایئرپورٹ پر سلاٹس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، تاہم ایئرلائن کو اپنی پروازوں کی مکمل تفصیلات کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی روابط میں بہتری آئے گی اور دونوں ممالک کے ایوی ایشن شعبے کو فروغ ملے گا۔