محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو شدید سردی کی نئی لہر سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں شہر کا درجۂ حرارت مزید کم ہو سکتا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ متوقع ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، دیر چترال اور سوات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب شمالی بلوچستان کے علاقوں، خصوصاً چمن میں برفباری اور بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جہاں درجۂ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بالائی علاقوں میں برف سے ڈھکے پہاڑ، سرد ہوائیں اور دلکش مناظر موسم سرما کی شدت کو نمایاں کر رہے ہیں۔ مانسہرہ، شوگراں، ناران، کاغان اور ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات برف کی سفید چادر اوڑھ چکے ہیں۔گلیات میں دس انچ جبکہ چھانگلہ گلی میں ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی پہلی برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کر لیا ہےاپر دیر اور پاراچنار میں بھی شدید سردی اور ہر سو برف کی سفیدی چھائی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔