سال 2026 کا پہلا سپر مون کب نظر آئے گا ماہرینِ فلکیات نے تاریخ بتا دی

سال نو 2026 کا آغاز ہو چکا ہے اور آسمان کے دلکش مناظر کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ دنیا سال 2026 کے پہلے سپر مون کا نظارہ جلد کرنے والی ہے۔سال 2026 کا پہلا سپر مون 3 جنوری بروز ہفتہ کی شب آسمان پر نمودار ہوگا، جب چودھویں کا چاند غیر معمولی طور پر بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سپر مون حالیہ مہینوں میں نظر آنے والے سپر مونز کے سلسلے کا آخری چاند بھی ہوگا، جو آسمان پر ایک خوبصورت اور دلکش منظر پیش کرے گا۔سائنس دانوں کے مطابق سپر مون اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے نسبتاً زیادہ قریب آ جاتا ہے۔ اس قربت کے باعث چاند عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے، جسے عام آنکھ سے بھی واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف آسمان کی صورت میں شہری آسانی سے اس قدرتی منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔