اسلام آباد میں نیا متبادل بلدیاتی نظام متعارف کرانے کی تیاری بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے کا امکان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا متبادل بلدیاتی نظام متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 اور 30 دسمبر کو ہونے والے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی اجلاس کے دوران اسلام آباد میں پنجاب کی طرز پر بلدیاتی نظام نافذ کرنے سے متعلق مشاورت کی جائے گی، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد وفاقی کابینہ کو نئے بلدیاتی نظام پر خصوصی بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نئے قانون کی منظوری دے دی گئی تو 15 فروری کو متوقع بلدیاتی انتخابات ملتوی ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی حکومتوں کے نظام سے متعلق اہم قانون سازی کی منظوری بھی متوقع ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیگر قومی اہمیت کے معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔