پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانوی آپریشن میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق 29 مارچ سے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن کی پروازیں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں۔ لندن پی آئی اے کا پہلا بین الاقوامی اور نہایت اہم روٹ ہے، جبکہ پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے سب سے بڑی بولی جیت لی۔ عارف حبیب گروپ نے 135 ارب روپے کی بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدے۔نجکاری کے آخری مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب جبکہ لکی کنسورشیم نے 134 ارب روپے کی بولی دی تھی۔