اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی بندرگاہ پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی اور مذموم کوشش ناکام بنا دی۔ اے این ایف نے انٹیلی جنس معلومات اور رسک اسیسمنٹ کی بنیاد پر درآمد شدہ اسکریپ کے سات کنٹینرز کو مشکوک قرار دیتے ہوئے سخت نگرانی میں لیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گوجرانوالہ روانگی سے قبل ساتوں کنٹینرز کی باریک بینی سے جامع جانچ پڑتال کی گئی، جس دوران ایک کنٹینر کے اندر انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 47 کلو گرام کوکین برآمد کر لی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ برآمد کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت لاکھوں ڈالرز بنتی ہے، جبکہ یہ انسدادِ منشیات کے حوالے سے اے این ایف کی جانب سے کوکین کی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی ہے۔اے این ایف کا کہنا ہے کہ سمندری بندرگاہوں، ڈرائی پورٹس، شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں اور ہوائی اڈوں پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے