اسلام آباد راجہ ناصر حنیف قتل کیس کا فیصلہ 12 ملزمان کو عمر قید 3 بری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما راجہ ناصر حنیف سمیت چار افراد کے قتل کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے 12 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جب کہ عدم شواہد کی بنیاد پر 3 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق مقتول راجہ ناصر حنیف اور ملزمان کے درمیان جائیداد کا تنازع موجود تھا، جو بعد ازاں خونی واقعے کا سبب بنا۔ ملزمان نے فائرنگ کر کے راجہ ناصر حنیف، ہارون قدیر، عدنان اور عمران کو قتل کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ تمام سزا یافتہ ملزمان نے مشترکہ طور پر چاروں افراد کے قتل میں حصہ لیا، جس پر انہیں قانونی کارروائی کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ سزا پانے والوں میں راجہ رضی، سہیل، ساجد الرحمان، محب الرحمان، ندیم، سعد، فہد اور مہد عباسی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فہیم عباسی، نادر، فیضان اور محمد حفیظ کو بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔عدالت نے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جرم ثابت ہونے پر ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔