وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ملائیشیا جانے والے 23 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ مسافر پرواز ڈی سیون 109 کے ذریعے ملائیشیا روانہ ہو رہے تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کا مقصد ملائیشیا پہنچ کر روپوش ہونا اور غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کرنا تھا۔ مسافر مختلف ایجنٹوں سے رابطے میں تھے اور وزٹ ویزے کی آڑ میں ملازمت کے حصول کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے تھے۔امیگریشن پروفائلنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافروں کے پاس وزٹ ویزے کے تقاضوں کے مطابق ناکافی رقم موجود تھی۔ اس کے علاوہ وہ ملائیشیا وزٹ ویزے کے اخراجات کے لیے درکار مالی ثبوت اور لازمی بینک اسٹیٹمنٹ پیش کرنے میں بھی ناکام رہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے ملائیشیا پہنچ کر وزٹ ویزے پر غیر قانونی طور پر ملازمت اختیار کرنا تھی، جس پر انہیں کراچی ایئرپورٹ پر ہی آف لوڈ کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔