ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ دہشت گرد کافی حد تک ٹریس کرلیے جلد علاقے تک پہنچ جائیں گے آئی جی خیبر پختونخوا

پشاور آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کافی حد تک ٹریس کرلیا گیا ہے اور جس علاقے سے وہ آئے تھے وہاں بھی پہنچ جائیں گےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی کے پی نے بتایا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کے لیے تین دہشت گرد آئے تھے جنہیں ایف سی کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار ڈالا آئی جی کے مطابق حملہ آور افغان شہری تھے اور تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوچکی ہے دہشت گردوں کے فنگر پرنٹس نادرا کو بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ بی ڈی ایس کی تصاویر کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہےانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مکمل ٹریک معلوم کیا جا رہا ہے اور پورے شہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے جس علاقے سے دہشت گرد آئے تھے، وہاں بھی ٹیمیں پہنچ رہی ہیں تاکہ پورا نیٹ ورک سامنے لایا جاسکے آئی جی نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی استعمال شدہ موٹرسائیکل تحویل میں لے لی گئی ہے اور تمام شواہد پر تفصیلی تحقیق کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ واقعے کی تفتیش سی ٹی ڈی اور اسپیشل ٹیمیں کر رہی ہیں جبکہ پولیس کے بروقت رسپانس نے بڑا نقصان ہونے سے بچایا آئی جی ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ رواں سال دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کوششوں کو ناکام بنایا ہے اور مختلف اضلاع کو جدید اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جا سکے۔