سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ انتقال کر گئے۔ شاہی دیوان کی جانب سے مفتی اعظم کے انتقال کی اطلاع دی گئی ہے۔سعودی حکام کے مطابق مفتی اعظم کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔ خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سمیت سعودی عرب کی تمام مساجد میں مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور دیگر عالمی و ملکی رہنماؤں نے مفتی اعظم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم جلیل القدر عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترویج اور امت مسلمہ کی رہنمائی میں گزاری۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلم امہ کے اتحاد کے لیے مرحوم کی کاوشیں اور علمی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستانی قوم اور حکومت، سعودی عوام اور قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی دینی و علمی خدمات امت مسلمہ کے لیے ایک روشن باب ہیں اور آنے والی نسلیں ان کے علمی ورثے سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔