نیتن یاہو کا قطر پر حملہ امریکا کے اسامہ بن لادن آپریشن سے مشابہ قرار، عالمی تنقید پر ردعمل

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کو امریکا کے پاکستان میں اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے والے آپریشن سے مشابہ قرار دیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ 11 ستمبر کی دہشت گردانہ کارروائی کی طرح 7 اکتوبر کو دہشت گردوں نے یہودی عوام کو ہولوکاسٹ کے بعد ظلم کا نشانہ بنایا۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے قطر میں دہشت گرد ماسٹر مائنڈز کو نشانہ بنایا، جو قطر سے پناہ، مالی امداد اور پرتعیش سہولیات حاصل کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے 11 ستمبر کے بعد دہشت گردوں کو تلاش کر کے انہیں انجام تک پہنچانے کا عہد کیا، اور سلامتی کونسل نے فیصلہ کیا کہ کوئی حکومت دہشت گردوں کو پناہ نہیں دے گی۔ اسرائیل نے بھی اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے کارروائی کی۔نیتن یاہو نے دنیا کے اُن ممالک پر تنقید کی جو اسرائیل کے اقدامات پر اعتراض کر رہے ہیں، اور کہا کہ امریکا کے اسامہ بن لادن آپریشن پر کسی نے افسوس نہیں کیا بلکہ تعریف کی گئی، آج دنیا کو اسرائیل کے اقدامات کی بھی تعریف کرنی چاہیے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ قطر اور دیگر ممالک یا تو دہشت گردوں کو اپنے ملک سے نکالیں یا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں، بصورت دیگر اسرائیل خود یہ اقدام کرے گا۔