سندھ کے کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری: بینظیر ہاری کارڈ اور سبسڈی پر سولر سسٹم کا اعلان

کراچی: صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ سندھ میں لاکھوں نئے رجسٹرڈ ہاریوں کو جلد ہی بینظیر ہاری کارڈ جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے انہیں سبسڈی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔وزیر زراعت کے مطابق اب تک 80 ہزار ہاریوں کی رجسٹریشن اور تصدیق مکمل ہوچکی ہے۔ سندھ بینک رواں ماہ کے آخری ہفتے میں پہلے 50 ہزار کارڈ جاری کرے گا، اس کے بعد ہر 20 دن کے وقفے سے مزید 50 ہزار کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈِرِپ ایریگیشن سسٹم کو سولر توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 5 سے 25 ایکڑ زمین رکھنے والے کسانوں کو سبسڈی پر سولر پینل فراہم کیے جائیں گے۔منصوبے کی تفصیلات کے مطابق 4 ہزار ایکڑ زمین پر 295 سولر یونٹس نصب کیے جائیں گے۔ اخراجات میں کسانوں کا حصہ صرف 20 فیصد ہوگا جبکہ باقی 80 فیصد خرچ سندھ حکومت برداشت کرے گی۔سولر پینل حاصل کرنے کے خواہشمند کسان 20 ستمبر تک ڈائریکٹر جنرل زراعت واٹر مینجمنٹ، حیدرآباد کے دفتر میں اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔وزیر زراعت نے کہا کہ یہ اقدامات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو فوری ریلیف ملے اور صوبے کے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔