سعودی عرب میں بارش کی پیشگوئی، جدہ، مکہ اور مدینہ میں تیز ہواؤں اور اونچی موجوں کا امکان

سعودی عرب: محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت دیگر ریجنوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ساحلی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ اونچی موجیں بھی اٹھنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اللیث، طائف، اضم، بنی یزید اور العرضیات میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ مدینہ منورہ ریجن کے شہر ینبع اور الرایس میں 49 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی اور شام تک بارش متوقع ہے۔مزید بتایا گیا کہ الباحہ، عسیر اور جازان میں کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارش ہوگی، جبکہ ریاض اور مشرقی ریجن کے شہروں میں ہلکی بارش اور گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے، جس سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔قبل ازیں مدینہ منورہ میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوا، اور بارش کے دوران زائرین نے دعاوں اور مناجات کے ذریعے رب کے حضور شکر ادا کیا۔