حیدرآباد (انڈیا): بھارتی شہر حیدرآباد کے سائبرآباد علاقے میں ایک خوفناک چوری اور قتل کی واردات نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ 50 سالہ رنو اگروال کو ان کے گھر میں باندھ کر پریشر ککر سے مارا گیا اور پھر چھری اور قینچی سے گلا کاٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔رنو اگروال اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ آئی ٹی ہب میں واقع سوان لیک اپارٹمنٹ کی 13ویں منزل پر رہتی تھیں۔ بدھ کے روز صبح تقریباً 10 بجے شوہر اور بیٹے کے کام پر جانے کے بعد واقعہ پیش آیا۔ شام 5 بجے ان کے فون کال کے جواب نہ ملنے پر شوہر فوراً گھر پہنچے اور دروازہ پلمبر کی مدد سے کھول کر اپنی بیوی کو مردہ حالت میں پایا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے مقتولہ کے ہاتھ پاؤں باندھے، انہیں پریشر ککر سے مارا اور پھر چھری اور قینچی سے گلا کاٹ کر قتل کیا۔ ملزمان گھر سے 40 گرام سونا اور ایک لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے اور اپنے خون آلود کپڑے وہاں چھوڑ گئے۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان گھریلو ملازم ہیں؛ ایک مقتولہ کے گھر جبکہ دوسرا پڑوسی کے گھر میں کام کرتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں 13ویں منزل کی طرف جاتے اور شام 5:02 بجے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔قتل کے مقدمے کو کوکٹ پلیس اسٹیشن میں درج کر لیا گیا ہے اور پولیس فرانزک شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر تحقیقات کر رہی ہے۔