اوبر اور جوبی ایوی ایشن کی شراکت، ہیلی کاپٹر ٹیکسی سروس جلد ایپ میں متعارف

اوبر نے جوبی ایوی ایشن کے ساتھ مل کر نئی ہیلی کاپٹر ٹیکسی سروس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین جلد ہی اپنی اوبر ایپ کے ذریعے فضائی سفر بھی کر سکیں گے۔اوبر کے مطابق یہ شراکت داری کمپنی کی سڑکوں سے فضا تک خدمات بڑھانے کے عزم کا حصہ ہے۔ جوبی ایوی ایشن نے گزشتہ ماہ 125 ملین ڈالر میں ہیلی کاپٹر کمپنی Blade خریدی تھی، اور اب یہ ہیلی کاپٹر اوبر پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین کو دستیاب ہوں گے۔کمپنی کی پہلی تجارتی سروس 2026 میں دبئی سے شروع ہوگی، جس کے بعد اسے امریکا سمیت دیگر منڈیوں تک وسعت دی جائے گی۔ اس سروس سے ان صارفین کو سہولت میسر آئے گی جو ایئرپورٹس اور اہم مقامات تک باقاعدہ سفر کرتے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکا میں ایک 23 سالہ خاتون نے اوبر کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں الزام ہے کہ ایک اوبر ڈرائیور نے اسے گاڑی سے باہر نکال دیا، جس کے بعد دو اجنبی افراد نے اس پر جنسی حملہ کیا۔ یہ واقعہ 28 مئی کو پیش آیا تھا اور مقدمہ پیر کو سان فرانسسکو سپیریئر کورٹ میں دائر کیا گیا۔