اسرائیلی جارحیت کے بعد پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر دوحہ روانہ ہوگئے ہیں تاکہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، شاہی خاندان اور قطری عوام سے اظہار یکجہتی کریں۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔دوحہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر سے ملاقات کریں گے، جس میں اسرائیل کے بلاجواز حملوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات پر مشاورت ہوگی۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنما خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں درپیش چیلنجز پر بات کریں گے۔ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اس بات کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان اور قطر کے دیرینہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں، اور پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کا ساتھ دیتا رہا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔