ڈھاکا یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات: اسلامی چھاترا شبر کی بڑی کامیابی

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈھاکا یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی برادر تنظیم بنگلہ دیش اسلامی چھاترا شبر نے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چھاترا شبر کے نامزد امیدوار نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری کی نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔نائب صدر کے لیے چھاترا شبر کے صادق قیم نے 14,042 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی حامی طلبہ تنظیم چھاترا دل کے عابد الاسلام کو 5,708 ووٹ ملے جبکہ دیگر امیدوار شمیم حسین اور امامہ فاطمہ نے 3,389 ووٹ حاصل کیے۔جنرل سیکرٹری کی نشست پر چھاترا شبر کے ایس ایم فرہاد 10,794 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ چھاترا دل کے تنویر حمیم کو 5,283 ووٹ اور مگمولرباسو کو 4,949 ووٹ ملے۔اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری کے لیے اسلامی چھاترا شبر کے محمد محی الدین نے 11,772 ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا۔ چھاترا دل کے تنویر الہادی نے 5,064 ووٹ اور اشریفہ خاتون نے صرف 900 ووٹ حاصل کیے۔یونیورسٹی سطح پر نائب صدر، جنرل سیکرٹری، اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری سمیت یونین کی کل 28 نشستوں پر 471 امیدوار مدمقابل تھے۔ صدر کا عہدہ موجود نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ڈھاکا یونیورسٹی کے 18 ہالز کی سطح پر بھی 234 نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے، جن پر 1,035 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس کوٹہ مخالف تحریک کا آغاز بھی ڈھاکا یونیورسٹی سے ہوا تھا جو بعد ازاں حکومت مخالف طلبہ تحریک میں تبدیل ہو گئی۔ رپورٹس کے مطابق ابتدا میں چھاترا شبر نے احتجاج کی کھلے عام قیادت نہیں کی تھی، تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شبر کے کارکن پسِ پردہ احتجاج میں شامل تھے اور بعض مقامات پر سامنے بھی آئے، لیکن اپنی شناخت ظاہر نہیں کی۔