پولینڈ اور نیٹو کی پہلی مشترکہ کارروائی، یوکرین پر حملے کےلیے بھیجے گئے روسی ڈرونز تباہ

وارسا (مانیٹرنگ ڈیسک) پولینڈ اور نیٹو افواج نے پہلی بار مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یوکرین پر حملے کےلیے بھیجے گئے روسی ڈرونز مار گرائے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق روسی ڈرونز نے یوکرین پر فضائی حملے کے دوران پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جس پر لڑاکا طیاروں کو متحرک کیا گیا اور کارروائی کرتے ہوئے ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔پولینڈ کی فوج نے بتایا کہ کارروائی علی الصبح اُس وقت کی گئی جب ایک درجن سے زائد روسی ڈرونز فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ اور نیٹو افواج نے روس کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی کی ہے۔پولش مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ کے مطابق روس کی طرف سے یوکرین میں اہداف کو نشانہ بنانے کےلیے ڈرونز بھیجے گئے تھے جنہوں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ کمانڈر کی درخواست پر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور تباہ شدہ ڈرونز کی تلاش جاری ہے۔پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے تصدیق کی کہ فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے بعد آپریشن جاری ہے اور وہ نیٹو سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔وزیر دفاع ولادیسلاو کوسینیک کامیز نے سوشل میڈیا پر کہا کہ دشمن کے خلاف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے اور ہم نیٹو کمانڈ کے ساتھ براہِ راست کوآرڈینیشن کر رہے ہیں۔