لاہور: پاکستان میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جدید ایئرلفٹ ڈرون حاصل کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ جدید ایئرلفٹ ڈرون 200 کلوگرام وزنی شخص کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سیلاب میں پھنسے افراد کی ریسکیو کیلئے ایئرلفٹ ڈرون کو فوری طور پر ملتان بھیجنے کی ہدایت جاری کی ہے۔سول ڈیفنس نے ڈرون کو جنوبی پنجاب بھیجنے سے قبل اس کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹس مکمل کیں، جن کی ویڈیو حکومتِ پنجاب کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے جاری کی گئی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے مزید بتایا کہ سول ڈیفنس کیلئے 10 مزید ایئرلفٹ ڈرون خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایمرجنسی ایئرلفٹ ڈرون سروس ہے جو قدرتی آفات اور سیلاب جیسی صورتحال میں قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق، سیلاب اور ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار فرنٹ لائن سولجرز کی طرح کام کر رہے ہیں اور رضاکار اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر قیمتی انسانی جانوں کو بچا رہے ہیں۔