نیپال میں حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کرگئے، سابق وزیراعظم کی اہلیہ زندہ جل گئیں

کھٹمنڈو: نیپال میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنال کی اہلیہ آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہوگئیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز مشتعل مظاہرین نے جھالا ناتھ کھنال کے گھر کو آگ لگا دی۔ گھر میں موجود ان کی اہلیہ آگ سے بچ نہ سکیں اور جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔ اس واقعے نے پورے ملک کو صدمے میں مبتلا کردیا۔یاد رہے کہ نیپالی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹس سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کرنے کے بعد نوجوان بڑی تعداد میں کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ مظاہرے پرتشدد ہونے پر دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت مختلف شہروں میں کرفیو نافذ کیا گیا لیکن عوامی غصہ کم نہ ہوا۔اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے صدر رام چندر پوڈیل اور وزیراعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہوں کو بھی آگ لگا دی۔ صورتحال مزید بگڑنے پر وزیراعظم کے پی شرما اولی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ حکومت نے پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ملک میں بڑھتے ہنگاموں کے بعد سیکیورٹی کی ذمہ داری فوج نے سنبھال لی ہے۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں لانے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے نیپال کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں”۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز سے اپیل کی کہ مظاہرین کے خلاف کارروائی میں تحمل اور برداشت سے کام لیا جائے۔