ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث سعودی شہری سلطان بن عامر الشھری کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سلطان الشھری کا تعلق ایک بیرونی دہشتگرد تنظیم سے تھا، وہ دھماکہ خیز مواد تیار کرنے اور قانون کو مطلوب افراد کو پناہ دینے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔تحقیقات کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا جس کی سماعت فوجی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سلطان الشھری کو سزائے موت سنائی۔ بعد ازاں اپیل کورٹ نے بھی ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا، جبکہ ایوانِ شاہی سے منظوری کے بعد سزا پر عمل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں تین سعودی شہریوں پر سزائے موت کا حکم نافذ کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق سعود الرویلی، مساعد الاشجعی اور خالد الحازمی کو منشیات اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔وزارت کا کہنا تھا کہ تمام ثبوت اور شواہد عدالت میں پیش کیے گئے، جرم ثابت ہونے اور “زمین میں فساد پھیلانے” کے الزام میں ان مجرمان کو بھی سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اپیل کورٹ نے فیصلے کی توثیق کی جس کے بعد ایوانِ شاہی نے اس پر عملدرآمد کی اجازت دی۔