کراچی: ہلکی بارش سے موسم خوشگوار، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی

کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ سیاہ بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ڈیفنس، شارع فیصل، کورنگی روڈ، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، قیوم آباد، ناظم آباد، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، سائٹ ایریا اور ماڑی پور سمیت کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ 9 اور 10 ستمبر کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری تک جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے اور ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔دوسری جانب سپر ہائی وے اور نوری آباد سمیت حیدر آباد، سکھر، ٹھٹھہ، خیرپور اور مکلی میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سکھر میں بارش کے بعد مواصلاتی نظام متاثر ہوا اور 60 سے زائد فیڈرز بند ہو گئے۔