پاکستان سمیت دنیا بھر میں “بلڈ مون” کا شاندار نظارہ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ شب چاند گرہن کا شاندار نظارہ کیا گیا، جس نے اربوں انسانوں کو مسحور کر دیا۔ ماہرین کے مطابق یہ مکمل چاند گرہن تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔چاند گرہن کا عمل رات 8 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا، 9 بج کر 27 منٹ پر جزوی چاند گرہن شروع ہوا۔ رات 11 بج کر 12 منٹ پر چاند سرخ رنگ میں ڈھل گیا جسے “بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔ یہ منظر 11 بج کر 53 منٹ تک برقرار رہا۔اس کے بعد جزوی گرہن کا مرحلہ 12 بج کر 57 منٹ پر مکمل ہوا اور رات 1 بج کر 55 منٹ پر زمین، سورج اور چاند ایک دوسرے کی قطار سے ہٹ گئے، یوں چاند گرہن کا مکمل اختتام ہوگیا۔پاکستان کے بڑے شہروں لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے یہ نایاب فلکیاتی منظر دیکھا۔ماہرین فلکیات کے مطابق جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھی لکیر میں آجائیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے اور وہ سرخ دکھائی دیتا ہے۔ یہی مظہر “بلڈ مون” کہلاتا ہے۔مزید یہ کہ ماہرین کے مطابق اگلا بڑا فلکیاتی مظاہرہ 12 اگست 2026 کو ہوگا، جب یورپ کے کئی حصوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔