چنیوٹ میں سیلابی صورتحال کے باعث 56 تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لیے بند

چنیوٹ: ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے متعدد تعلیمی ادارے مزید دو دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن آفیسر نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت 8 اور 9 ستمبر کو ضلع کے 56 تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ چنیوٹ کے 11، لالیاں کے 19 اور بھوانہ کے 26 تعلیمی ادارے سیلابی صورتحال کے باعث بند رہیں گے جبکہ ضلع کے دیگر اسکول اپنی معمول کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی ہوئی ہے جس کے باعث بعض نجی اسکولوں نے بھی آج چھٹی کا اعلان کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شہر کے ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ اور ایم اے جناح روڈ پر بوندا باندی ہوئی جبکہ قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی اور بلوچ کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔