پاکستانی اسپنر محمد نواز نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور تاریخ رقم کر دی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پاکستان کے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل فہیم اشرف اور محمد حسنین یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔محمد نواز نے اپنے 4 اوورز میں صرف 19 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جن میں ایک میڈان اوور بھی شامل تھا۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں نہ صرف میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا بلکہ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی دیا گیا۔میچ کا حال شارجہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 141 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد نواز نے 25، کپتان سلمان علی آغا نے 24 (جس میں راشد خان کے ایک اوور میں دو چھکے شامل تھے) اور صائم ایوب نے 17 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد اور فضل حق فاروقی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں افغانستان کی ٹیم محمد نواز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ٹک نہ سکی اور پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں بری طرح ناکام رہی۔