تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلیوں کا بڑا مظاہرہ، ٹرمپ سے جنگ ختم کرانے کا مطالبہ

تل ابیب: اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی جنگ کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات کریں اور یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنائیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تل ابیب میں فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر کا علاقہ مظاہرین سے بھر گیا۔ شرکا نے ہاتھوں میں اسرائیلی جھنڈے اور یرغمال بنائے گئے افراد کی تصاویر والے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ “ہم سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ واحد عالمی رہنما ہیں جو وزیراعظم نیتن یاہو پر دباؤ ڈال سکتے ہیں اور انہیں مجبور کر سکتے ہیں کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کریں۔”نیتن یاہو کی پالیسیوں پر عوامی غصہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے فیصلوں پر عوامی مایوسی اور غصہ بڑھ رہا ہے، خاص طور پر اس حکم پر جس کے تحت فوج کو غزہ شہر پر حملہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جہاں ممکنہ طور پر یرغمال افراد موجود ہیں۔یرغمالیوں کے اہل خانہ اور ان کے حامیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غزہ میں جاری کارروائیاں ان کے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہیں۔