شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کے سیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز لیک، مداحوں سے اپیل

بالی وڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’کنگ‘ کے سیٹ سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہوگئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلم کے حوالے سے مداحوں میں پہلے ہی بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے لیکن فلم کی رازداری برقرار رکھنے کے لیے شاہ رخ خان اور ان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لیک ہونے والا مواد ڈیلیٹ کر دیں۔سوشل میڈیا پر فلم کے سیٹ سے لی گئی مختلف ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی اور کئی آفیشل فین پیجز نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مزید مواد شیئر کرنے سے گریز کریں تاکہ پروجیکٹ کا سرپرائز خراب نہ ہو۔ایک فین پیج پر لکھا گیا:’’ہم جانتے ہیں کہ سب ہمارے کنگ خان کی اگلی جادوئی جھلک دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں، لیکن براہ کرم کوئی تصویر یا ویڈیو دوبارہ پوسٹ نہ کریں۔ آئیے ایک ساتھ مل کر سرپرائز کو برقرار رکھیں۔‘‘یہ فلم نہ صرف شاہ رخ خان کے لیے خاص ہے بلکہ اس کے ذریعے ان کی بیٹی سہانا خان بھی اپنا تھیٹر ڈیبیو کریں گی۔فلم کی کاسٹ میں ابھیشیک بچن (بطور ولن)، دپیکا پڈوکون، ارشد وارثی، ابھے ورما اور راگھو جوئل بھی شامل ہیں۔فلم مارفلکس پکچرز اور ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی مشترکہ پروڈکشن ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری نامور ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔